بھٹکل یکم جون (ایس او نیوز) گذشتہ تین چار دنوں سے دیر رات کو بھٹکل میں ہلکی بارش ہورہی ہے، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو بھی ہلکی بارش ہوئی، مگر آج جمعرات کو صبح سے دوپہر تک آسمان ابرآلود ہے اور دھوپ بالکل غائب ہوگئی ہے۔ البتہ ہلکی بارش ہونے کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
فی الحال دوپہر کو بھٹکل میں درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس ہے ، البتہ نمی اتنی زیادہ ہے کہ 39 ڈگری کی طرح گرمی محسوس کی جارہی ہے۔ بھٹکل میں شدت کی گرمی کے ساتھ ساتھ کنویں سوکھ جانے سے پانی کو لے کر بھی عوام پریشان ہیں۔ جن علاقوں کے کنویں کبھی پانی سے خالی نہیں رہتے، بالخصوص خلیفہ محلہ، جامعہ محلہ، غوثیہ اسٹریٹ، مشما اسٹریٹ اور اس سے متصل علاقوں میں گھٹر کا پانی کنووں میں داخل ہونے سے کنویں خراب ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے بھی عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات شام چار بجے بھٹکل اور ضلع اُترکنڑا کے کئی علاقوں میں بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی مانیں تو شام سات بجے کے بعد بادلوں کی گرج کے ساتھ بجلیاں کوند سکتی ہیں۔
بتاتے چلیں کہ ساحلی کرناٹکا بالخصوص مینگلور ، اُڈپی، کنداپور ، بھٹکل، کمٹہ اور کاروار تمام علاقوں میں رات کے اوقات میں ہلکی بارش ہورہی ہے جس کے نتیجے میں لگتا ہے کہ گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا لیکن صبح دھوپ نکلتے ہی گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔
